صفحۂ اول    ہمارے بارے میں    رپورٹر اکاونٹ    ہمارا رابطہ
جمعہ 26 اپریل 2024 

نیویارک کا سب سے چھوٹا پلاٹ، شکل تکونی اور رقبہ 65 سینٹی میٹر

disk news | پیر 25 اپریل 2022 

نیویارک: نیویارک کی سب سے چھوٹی جائیداد کی اراضی سوسال بعد اب بھی وہاں موجود ہے جو ایک تعمیراتی منصوبے کے بعد بچ گئی ہے۔ اس پراپرٹی کو ’’ہیس مثلث‘‘ کہا جاتا ہے جو ایک پیزا کے تکونے ٹکڑے سے کچھ بڑی ہوگی۔

ہیس تکون کی کہانی 1910ء سے شروع ہوتی ہے۔ شہر کی تعمیرِ نو میں 253 عمارتیں گرائی گئیں جن میں سے ایک پانچ منزلہ عمارت بھی تھی اور اس کے مالک ڈیوڈ ہیس تھے۔ ڈیوڈ اور اہلِ خانہ نے ایڑھی چوٹی کا زور لگا کر اسے بچانے کی کوشش کی لیکن 1913ء میں وہ تمام قانونی محاذ پر ناکام رہے۔ اس کے بعد عمارت گرادی گئی۔

سال 1928ء میں معلوم ہوا کہ عمارت توڑنے کے بعد بھی ایک چھوٹا ٹکڑا ایسا ہے جس پر کوئی شے نہیں بنائی گئی اور قانون کی رو سے اس کا دعویٰ دائر کیا جاسکتا ہے۔ بس اس خاندان نے اس چھوٹے سے پلاٹ پر حقِ ملکیت دائر کردیا جو ہیس خاندان کو مل گیا، اس کے بعد سے یہ جگہ ہیس مثلث کہلاتی ہے کیونکہ یہ تکونی شکل کا پلاٹ ہے۔

 

اسے نیویارک کے سب سے چھوٹے پلاٹ کا درجہ حاصل ہے جس کا رقبہ صرف 0.0000797113 ایکڑ ہے۔ اس پر لکھا ہے کہ یہ ہیس اسٹیٹ کی ملکیت ہے جسے عوامی مقاصد کے لیے مختص نہیں کیا گیا تھا۔ یہ ایک مثلث کی شکل میں ہے جس کی ایک طرف کی لمبائی 65 سینٹی میٹر اور بقیہ دونوں اطراف کی لمبائی 70 سینٹی میٹر ہے۔

اس کے بعد انتظامیہ نے بار بار ڈیوڈ ہیس اور اس کے خاندان سے رابطہ کیا کہ وہ عوامی مفاد میں اسے عطیہ کردیں تاکہ عوام کے استعمال میں لایا جاسکے لیکن خاندان نے اسے مزاحمت اور حقِ ملکیت کی نشانی قرار دیتے ہوئے اس سے انکار کردیا۔

1938ء میں اس تکونے پلاٹ کو سامنے موجود سگار کی دکان کو1000 ڈالر میں فروخت کیا گیا جس کا نام ولیج سگار اسٹور ہے۔ لیکن اب بھی اس کی قیمت 17 ہزار ڈالر سے کسی طرح کم نہ ہوگی کیونکہ نیویارک کے اس علاقے میں فی مربع میٹر جگہ کی قیمت 68 ہزار ڈالر کے لگ بھگ ہے۔ اس طرح اب بھی یہ نیویارک کی سب سے چھوٹی اور مہنگی ترین جائیداد ہے۔

ہمارے بارے میں جاننے کے لئے نیچے دئیے گئے لنکس پر کلک کیجئے۔

ہمارے بارے میں   |   ضابطہ اخلاق   |   اشتہارات   |   ہم سے رابطہ کیجئے
 
© 2020 All Rights of Publications are Reserved by Aksriyat.
Developed by: myk Production
تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2020 اکثریت۔