صفحۂ اول    ہمارے بارے میں    رپورٹر اکاونٹ    ہمارا رابطہ
جمعرات 28 مارچ 2024 

سشانت کا سوچی سمجھی منصوبہ بندی کے تحت قتل کیا گیا، کنگنارناوت

ویب ڈیسک | منگل 16 جون 2020 

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت کا کہنا ہے کہ سشانت سنگھ راجپوت کی موت خودکشی نہیں تھی بلکہ ان کا سوچی سمجھی منصوبہ بندی کے تحت قتل کیا گیا ہے۔

بالی ووڈ کے 34 سالہ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کی خبر نے پوری بالی ووڈ انڈسٹری کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ اداکارہ کنگنا رناوت نے سشانت سنگھ کی خودکشی کی خبر پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے بالی ووڈ میں رائج اقربا پروری، اپنے فائدے کے لیے فنکاروں پر ڈالے جانے والے دباؤ، فنکاروں کے ساتھ روا رکھے جانے والے رویوں اور بے حسی کو سشانت سنگھ کی موت کی وجہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دراصل یہ خودکشی نہیں بلکہ قتل تھا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں کنگنا نے اپنی بات کا آغاز کرتے ہوئے کہا سشانت سنگھ راجپوت کی موت نے ہم سب کو جھنجھوڑ کر رکھ دیاہے لیکن کچھ لوگ پیروپیگنڈہ کررہے ہیں کہ جن کا دماغ کمزور ہوتا ہے وہ ڈپریشن کے باعث خودکشی کرلیتے ہیں۔ لیکن سشانت سنگھ راجپوت ایک ذہین اور قابل انسان تھا اس کا دماغ کمزور کیسے ہوسکتا ہے۔

کنگنا رناوت نے کہا اگر آپ سشانت کی سوشل میڈیا پوسٹ کو دیکھیں تو پتہ چلتا ہے کہ وہ لوگوں سے درخواست کررہے تھے کہ میری فلمیں دیکھیں، میرا کوئی گاڈ فادر نہیں ہے اگر آپ میری فلمیں نہیں دیکھیں گے تو مجھے اس انڈسٹری سے نکال دیا جائے گا۔

کنگنا رناوت نے بالی ووڈ میں رائج اقربا پروری کو سشانت سنگھ کی موت کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ سشانت کو کبھی ان کے کام کے لیے پزیرائی نہیں ملی اور نہ انہیں کوئی ایوارڈ دیاگیا۔ رنویر سنگھ اورعالیہ بھٹ کی ’’گلی بوائے‘‘ جیسی واہیات فلم کو سارے ایوارڈ دے دئیے گئے جب کہ سشانت سنگھ راجپوت کی بہترین فلم ’’چھچھورے‘‘ کو کوئی پزیرائی نہیں ملی۔

کنگنارناوت نے بھارتی صحافیوں کی پول کھولتے ہوئے کہا کہ کسی فنکار کو ڈپریشن میں مبتلا کرنے میں سب سے بڑا ہاتھ صحافیوں کا ہوتا ہے جو فنکاروں کے بارے میں لکھتے ہیں کہ یہ فنکار ذہنی مریض ہے یا منشیات کا عادی ہے جب کہ یہی صحافی سنجے دت کی منشیات کی لت کو اچھا دکھاتے ہیں۔

کنگنا رناوت نے کہا کہ صحافی برادری سے وابستہ افراد مجھے پیغامات بھیجتے ہیں کہ میرا برا وقت چل رہاہے لہذٰا میں کوئی ایسا ویسا قدم نہ اٹھالوں، کیوں یہ لوگ میرے دماغ میں ڈالتے ہیں کہ میں خود کشی کرلوں، تو سشانت سنگھ کی بھی خود کشی تھی یا سوچی سمجھی منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا قتل تھا۔ لیکن سشانت کی غلطی یہ تھی کہ وہ ان صحافیوں کی بات مان گیا۔ ان صحافیوں نے سشانت کو کہا تم بیکار ہو، تمہارا کچھ نہیں ہوگا اور وہ ان کی بات مان گیا اوراپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔

ہمارے بارے میں جاننے کے لئے نیچے دئیے گئے لنکس پر کلک کیجئے۔

ہمارے بارے میں   |   ضابطہ اخلاق   |   اشتہارات   |   ہم سے رابطہ کیجئے
 
© 2020 All Rights of Publications are Reserved by Aksriyat.
Developed by: myk Production
تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2020 اکثریت۔