پشاورسٹی ٹریفک پولیس پشاور نے نویں محرم الحرام کو جلوسوں کیلئے روٹس کلیئر کرنے کی ڈیوٹیاں انجام دیں۔ چیف ٹریفک آفیسر وسیم احمد خلیل کی ہدایت پر سٹی اور کینٹ سیکٹر میں ایس پیز ڈی ایس پیز اور دیگر عملہ موجود رہا اور جلوسوں کی گزر گاہوں پر ڈیوٹی انجام دیتے ہوئے سڑکوں کو مکمل طور پر کلیئر رکھا اور جلوسوں کے راستوں میں گاڑیوں کے داخلے پر مکمل طور پر پابندی عائد کی گئی تھی تاکہ عزاداروں کو کسی قسم کی مشکلات درپیش نہ ہوں۔ اسی طرح سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی خاتون ڈی ایس پی انیلہ ناز کی نگرانی میں خواتین اہلکاروں نے امام بارگاہوں میں ڈیوٹیاں انجام دیں۔ چیف ٹریفک آفیسر وسیم نے ٹریفک ہیڈ کوارٹر گلبہار سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے امام بارگاہوں کو جانیوالی راستوں اور جلوسوں کے گزرگاہوں کو عام آمد ورفت کیلئے بند کیا گیا ہے جبکہ ٹریفک عملہ سڑکیں کلیئر کرنے کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لا رہا ہے تاکہ عزاداروں کے جلوسوں میں کسی قسم کی رکاوٹ اور ایمبولینسز کو ہسپتال پہنچنے میں مشکل درپیش نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ آج دسویں محرم الحرام کے موقع پر بھی سٹی ٹریفک پولیس پشاور اسی طرح مکمل طور پر چوکس رہے گی اور عزاداروں کو بروقت سہولیات فراہم کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے گی۔