صفحۂ اول    ہمارے بارے میں    رپورٹر اکاونٹ    ہمارا رابطہ
بدھ 22 اکتوبر 2025 

ڈاکٹر روتھ فائو۔۔۔۔!

خالد خان کالاباغ | پیر 10 اگست 2020 

اللّٰلہ رب العزت نے دنیا میں ایسے افراد بھی پیدا کیے ہیں جو مذہبی، لسانی ، معاشرتی، ثقافتی اور علاقائی تعصب سے مبرا ہوتے ہیں اور محض انسانیت کی خدمت کرتے ہیں۔ایسے افراد اپنی حیات کو انسانیت کے نام کرلیتے ہیں اور پوری زیست انسانیت کی خدمت کرتے کرتے تمام ہوجاتی ہے۔ایسے افراد لوگوں کے دلوں پر راج کرتے ہیں اور ایسے افراد فانی دنیا سے چلے جانے کے بعد بھی یاد رکھے جاتے ہیں۔ ایسے افراد کی فہرست بڑی طویل ہے لیکن آج کاکالم محض ڈاکٹر روتھ فائو کے نام، جو 31برس کی عمر میں پاکستان تشریف لائیں۔ اپنی شباب ، ادھیڑ اور بڑھاپہ پاکستان کے نام کردیا ۔انسانیت کی خدمت کیلئے اپنا وطن چھوڑ کر پاکستان کو اپنا وطن بنایا۔ڈاکٹر روتھ فائو9 ستمبر 1929ء کو جرمنی کے شہر لیپازگ(Leipzig) میں پیدا ہوئیں تھیں۔آپ کی چار بہنیں اور ایک بھائی تھا۔ آپ کا گھردوسری جنگ عظیم میں بم سے تباہ ہوگیا تھا۔ جب دوسری جنگ عظیم میں مشرقی جرمنی پر سویت یونین کا قبضہ ہوا توآپ اپنے خاندان کیساتھ مغربی جرمنی چلی گئیں اور وہاںآپ نے ڈاکٹر بننے کا فیصلہ کیا۔آپ نے 1950ء میں Mainz یونیورسٹی سے ڈاکٹری کی تعلیم مکمل کی۔آپ 1960ء میں مغربی جرمنی سے کراچی (پاکستان ) آئیں اور 56برس پاکستان میں جذام (کوڑھ) کے مریضوں کا علاج کیا۔ اس وقت پاکستان میں جذام کے ہزاروں مریض تھے اور ان کی کاوشوں سے 1996ئ  میں پاکستان جذام کے مرض سے پاک ہوگیا۔عالمی ادارہ صحت نے 1996ء میں پاکستان کو جذام پر قابو پانے والا ملک قرار دیا اور پاکستان ایشیا کا پہلا ملک تھا جس میں جذام (کوڑھ) مرض پر قابو پایا گیا۔ آپ نے پاکستان میں جذام (کوڑھ) کے مریضوں کا دن رات علاج کیا اور ہمارے ملک پاکستان وطن عزیز میں جذام (کوڑھ) کے مرض کو ختم کیا۔ حکومت پاکستان نے1979 ء میں ڈاکٹر روتھ فائو کو جذام کے خاتمے کیلئے وفاقی مشیر بنایا۔ حکومت پاکستان نے انسانیت کی اس اعلیٰ خدمت کے اعتراف میں ڈاکٹر روتھ فائو کو1988ء میں اعزازی شہریت دی۔ علاوہ ازیںحکومت پاکستان نے ہلا ل امتیاز، ستارہ قائد اعظم ،ہلال پاکستان، جناح ایورڈ، نشان قائد اعظم اور لائیو اچیومنٹ ایوارڈ سے بھی نوازا۔جرمن حکومت نے بیم بی ایوارڈ دیااور آغا خان یونیورسٹی نے ڈاکٹر آف سائنس کا ایوارڈ دیا۔ڈاکٹر روتھ فائو نیشنل لپریسی کنٹرول پروگرام پاکستان کی بانی سربراہ تھیں،اس کے علاوہ وہ میری ایڈیلیڈ سوسائٹی آف پاکستان کی سربراہ بھی تھیں۔ڈاکٹر روتھ فائو نے چار کتابیں The Last word is Love ، Adventure،Medicine اور War and God تحریر کیں۔ڈاکٹر روتھ فائو 10اگست 2017ء کو87برس کی عمر میںکراچی (پاکستان) میں ابدی نیند سو گئیں۔
قارئین کرام!یقینا انسان فانی ہے۔اس فانی دنیا میں انسان اپنے مقررہ وقت تک رہتا ہے۔اس کے بعد وہ اس دنیا سے رخصت ہوجاتا ہے۔انسان تو مرجاتا ہے لیکن اس کا کردار ہمیشہ زندہ وجاوید رہتا ہے۔اگر آپ اچھے کردار کے مالک ہونگے تو دنیا والے اچھے الفاظ کیساتھ یاد رکھیں گے اور اگر خدانخواستہ آپ کا کردار مناسب نہیں ہوگا تو آپ کو لوگ اچھے الفاظ سے یاد نہیں کریں گے۔الحمد اللّٰلہ ہم مسلمان ہیں۔ ہمارے لیڈر ،رہنما اور رہبر حضرت محمد ۖ ہیں۔حضور اکرم ۖ نے ہمیشہ محبت اور شفقت کا درس دیا ۔انسانیت کی خدمت کا سبق دیا ۔ آپ ۖ نے بہترین اخلاق اور اچھے کردار کی تاکید فرمائی ۔آپ ۖ نے تقوی پر زور دیا ۔انسان کی گریڈیشن بھی تقوی کی بنیاد پر ہوتیہے۔ وقت کی گھڑیاں گزر جاتی ہیں۔ان گھڑیوں کو انسانیت کی خدمت میں گذرنے سے سکون اور اطمینان حاصل ہوتا ہے۔ سکون میں جو مزا ہے وہ کسی بھی شے میں نہیں ہے۔انسانیت کی خدمت سکون قلب کا بہترین ذریعہ ہے اور ابدی کامرانی کا راز ہے۔قارئین کرام !ڈاکٹر روتھ کیتھر نیا مارتھا فائو کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرنا چاہیے۔آپ نے پاکستان میں جذام کے مرض کو ختم کیا اوراپنا وطن چھوڑ کر پاکستانیوں کی خدمت اور علاج کیا۔اپنے ملک (وطن ) کوچھوڑنا سہل نہیںہوتا ۔ لیکن انھوں نے اپنے ملک کو ایک خاص مشن کیلئے چھوڑا اور وہ اس مقصد میں کامران ہوئیں۔ڈاکٹر روتھ فائو ایسے موقع پر دنیا سے الوداع ہوئیں جس وقت ہم 70ویں جشن آزادی منا رہے تھے۔ہر پاکستانی اس جشن آزادی کے مواقع پر ڈاکٹرروتھ فائو کو بھی یاد رکھیں کیونکہ وہ بھی ہماری ایک محسن تھیں۔سچی بات یہ ہے کہ جو بھی پاکستان اور اہل پاکستان کیلئے اچھا کام کرتا ہے، وہ ہمارے لئے قابل احترام ہے ۔ڈاکٹر روتھ کیتھر نیا مارتھا فائو کی10اگست کو تیسری برسی ہے اور تمام پاکستانیوں کو چاہیے کہ ان کوخراج تحسین پیش کریں اور دنیا کو دکھادیں کہ پاکستانی انسانیت سے محبت رکھنے والوں سے عقیدت رکھتے ہیں اور ان کو اپنے دلوں میں زندہ وجاوید رکھتے ہیں۔

ہمارے بارے میں جاننے کے لئے نیچے دئیے گئے لنکس پر کلک کیجئے۔

ہمارے بارے میں   |   ضابطہ اخلاق   |   اشتہارات   |   ہم سے رابطہ کیجئے
 
© 2020 All Rights of Publications are Reserved by Aksriyat.
Developed by: myk Production
تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2020 اکثریت۔