صفحۂ اول    ہمارے بارے میں    رپورٹر اکاونٹ    ہمارا رابطہ
ہفتہ 25 اکتوبر 2025 

بانیان ِپاکستان اور دانشور ڈاکٹر صفدر محمود

مجیداحمد جائی | جمعرات اگست 2020 

فانوس بن کر جس کی حفاظت خدا کرے 
وہ شمع کیا بُجھے جسے روشن خدا کرے 
پاکستان کیوں بنا ؟آخر کیا وجوہات تھیں کہ مسلمان الگ وطن حاصل کرنے کر مجبور ہو گئے ۔ایک وقت تھاجب پوری دُنیاپر اُمت مسلمہ کا راج تھا ۔ہر طرف مسلمانوں کے چرچے تھے ۔مسلمانوں کا عروج تھا ،پھرنجانے کیسی ہوا چلی کے عروج کو زوال آگیا اور مسلمان مصیبتوں ،تکلیفوں کا شکار ہو کر رہ گئے۔
انگریز برصغیر پاک وہند میں تاجر کی حیثیت سے داخل ہوئے اور تخت وتاج کے مالک بن گئے ۔مسلمان زبوںِحالی کا شکار ہوگئے اور غلامی کی زنجیروں میں جکڑ لئے گئے ۔1857ء کی جنگ آزادی کی ناکامی کے بعد مسلمان ،ہندوئوں اور انگریزوںکی سازش کا شکار ہو گئے ۔ہندوئوں نے انگریزوں کیساتھ مل کر مسلمانوں کی زندگی اجیرن کر دی ۔
انگریزوں نے جو ستم ڈھائے سو ڈھائے ہندوئوں نے بربریت کی انتہا کر دی ۔یہ تاریخی پس منظر ہمیں کتابیں ہی دِکھاتی ہیں۔ تاریخ دان اور محقق حضرات ہی ہمیں تاریخ کے جھرونکوں سے کرہ ارض و آسمان کے تغیرات اور تبدیلیوں سے آگاہ رکھتے ہیں ۔کتاب اِنسان کی بہترین دوست ہے ۔جو فرد کتاب سے دوستی استوار رکھے ہوئے ہے وہ ملکی ،اندرونی بیرونی بلکہ پوری دُنیا کے حالات و واقعات سے با خبر ہے ۔کائنات کا ہر علم ہمیں کتابوں کے ذریعے ہی ملا ہے ۔سب سے امیر ترین وہ شخص ہے جو کتاب دوست ہے اور کتابوں کا ذخیرہ رکھتاہے ،پڑھتا ہے اور اس علم کو دوسروں تک پھیلاتا ہے ۔انہی دوستوں میں کتاب دوست شخصیت قلم فائونڈیشن کے روح رواں علامہ عبدالستار عاصم بھی ہیں ۔انہی کی بدولت مجھ تک ڈاکٹر صفدر محمود کی کتاب ''بانیانِ پاکستان ''پہنچی ۔
اس کتاب میں ان بانیانِ پاکستان کا ذکر خاص ہے جنہوں نے اس پاک خطہ ارض وطن کو حاصل کرنے کیلئے اپنی جدوجہد و جستجو دن رات جاری رکھی ۔ان کی صلاحیتوں کی بدولت 14اگست1947ء کو پاکستان دُنیا کے نقشے پر اُبھر کر سامنے آیا۔انہی بانیان ِپاکستان نے ستم زدہ ،اجڑے ،غلامی کی زنجیروں میں جکڑے مسلمانوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا ،انہی لیڈروں کی شب و روز کی انتھک محنت اور جستجو سے جنت النظیر وطن پاکستان حاصل ہوا ۔اللّٰلہ تعالیٰ اس ارض وطن کو تاقیامت قائم ودائم رکھے آمین !
بانیان ِپاکستان کتا ب میں جناب جاوید ظفر اور ڈاکٹر صفدر محمود نے ان بانیانِ پاکستان کے کارناموں اور جدوجہد کو خراج تحسین و داد دینے کیلئے اور نوجوان نسل کیلئے قیمتی خزانے کے طور پر یہ کتاب لکھی ۔نامور محقق اور تحریک ِپاکستان پر استنا کا درجہ رکھنے والی متعدد کتب کے مصنف ڈاکٹر صفدر محمود کسی تعارف کے محتاج نہیں ہیں ۔آپ کا شمار ہمارے ان قومی دانشوروں میں ہوتاہے جنہوں نے پاکستانی تاریخ و سیاست کو عمر بھر اپنے مرکزی موضوع کو مطالعہ تحریر کی حیثیت دی ہے اور اس موضوع پر اُنہیں سند کا درجہ حاصل ہے ۔ملک پاکستان کے علاوہ بیرون ملک بھی آپ کی اُردو اور انگلش تصانیف قدر کی نگاہ سے دیکھی جاتی ہیں ۔بین الاقوامی حیثیت کے مصنفین آپ کی تحریروں کو حوالہ جاتی کتب کا درجہ دیتے ہیں ۔کالج اور یونیورسٹی کے طلباء وطالبات آپ کی کتب سے استفادہ کرکے اپنے مقالہ جات مکمل کرتے ہیں ۔
ڈاکٹر صفدر محمود حکومت پنجاب کے محکمہ اطلاعات و ثقافت کے علاوہ پنجاب میں چھ محکموں کے سیکرٹری رہے ہیں ۔حکومت پاکستان کی وزارتِ تعلیم کے سیکرٹری کے طور پر بھی فرائض سر انجام دیئے ۔اس کے علاوہ پانچ وزارتوں کے وفاقی سیکرٹری رہے ۔مارچ 1997ء میں آپ کی اعلیٰ خدمات کے اعتراف میں ''صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی ''سے نوازا گیا ۔Founders of Pakistanکتاب کے علاوہ ''پاکستان کیوں ٹوٹا،درد آگہی ،سدا بہار،اقبال ،جناح اور پاکستان،پاکستان ۔۔میری محبت،امانت ،روشنی ،حکمت ،پاکستان تاریخ وسیاست،مسلم لیگ کا دور حکومت 1947,54،آئین پاکستان 1973ء تجزیہ اور موازنہ'' اور انگلش کی کئی کتب منظر عام پر آکر حوالہ جاتی کتب کا درجہ پاچکی ہیں ۔ڈاکٹر صفدر محمود کا شمار تحریک پاکستان ورکر ز ٹرسٹ کے بانی ارکان میں بھی ہوتا ہے ۔اس ادارہ کے ذریعے آپ نے تحریک پاکستان کی یگانہ روزگار شخصیات کی خدمت میں گولڈ میڈل پیش کرنے کے سلسلے کا آغاز کیا جو ہنوز جاری ہے ۔ایوان کارکنان ِتحریک پاکستان میں قائم دونوں اداروں نظریہ پاکستان ٹرسٹ اور تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کو آپ کی سرپرستی اور تعاون حاصل ہے ۔یہی نہیں پاکستان کے جیل خانہ جات میں لائبریریز کا اجراء بھی آپ کا احسن اقدام ہیں ۔صاحب کتاب کیساتھ ساتھ کتاب دوست شخصیت کے مالک ہیں اور کتاب دوستی کے فروغ کیلئے ہمہ تن گوش رہتے ہیں ۔اسی طرح ملک کے علمی حلقوں کا جانا پہچانا نام''جاوید ظفر''کا بھی ہے ۔بانیان ِپاکستان کے سرورق پران دونوں شخصیات کا نام ثبت ہونا بھی اس کتاب کی افادیت اور اہمیت کو اُجاگر کرتا ہے ۔ 
بانیانِ پاکستان انگریزی میں تحریرکی گئی ہے ۔232صفحات پر مشتمل یہ کتاب ایک تحقیقی دستاویز ہے ۔جس میں آٹھ ابواب کے تحت مشاہر تحریک پاکستان کی ملی و قومی خدمات کا بڑی عمدگی سے احاطہ کیا گیا ہے ۔اس کتا ب میں حضرت شاہ ولی اللّٰلہ ،سر سیداحمد خان ،محسن الملک ،وقار الملک،آغاخان،مولانا محمد علی جوہر ،علامہ محمد اقبال اور قائداعظم محمد علی جناح کے تاریخ سازکردار پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی ہے ۔بے شک ان ہستیوں نے طوق ِغلامی اُتار پھینکنے کی خاطر شب وروز جستجو و جدوجہد نہ کی ہوتی تو آج ہم آزاد ملک کی آزاد فضائوں میں سانس نہ لے رہے ہوتے ۔
بانیانِ پاکستان کتاب آرٹ پیپر پر نفاست کیساتھ شائع کی گئی ہے ۔جس کا دوسرا ایڈیشن مارچ 2020ء میں اشاعت پذیر ہوا ہے ۔قلم فائونڈیشن کے روح رواں علامہ عبدالستارعاصم جو خود بھی متعدد کتب کے مصنف ہیں ،درد دِل رکھنے والے ،سچے اور کھرے پاکستانی ہونے کیساتھ ساتھ کتاب دوست ہیں نے بڑے اہتمام کیساتھ شائع کی ہے ۔تحریک ِپاکستان اور تاریخ پاکستان سے دل چسپی رکھنے والے محققین ،دانشوروں ،اہل قلم ،اساتذہ کرام اور طلباء وطالبات کیلئے یہ کتاب بنیادی حوالے کی حیثیت رکھتی ہے ۔اس کتاب کو ہر پاکستانی فرد کے پاس ہونا ضروری ہے ۔
نور خدا ہے کفر کی حرکت پہ خندہ زن 
پھونکوں سے یہ چراغ بُجھایا نہ جائے گا 

 

ہمارے بارے میں جاننے کے لئے نیچے دئیے گئے لنکس پر کلک کیجئے۔

ہمارے بارے میں   |   ضابطہ اخلاق   |   اشتہارات   |   ہم سے رابطہ کیجئے
 
© 2020 All Rights of Publications are Reserved by Aksriyat.
Developed by: myk Production
تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2020 اکثریت۔