پشاورسٹی ٹریفک پولیس پشاور نے شہر کے مختلف علاقوں میں شہریوں کو کورونا وائرس سے بچنے اور احتیاطی تدابیر بارے آگاہی دی۔ تفصیلات کے مطابق ایس پی ٹریفک ہیڈ کوارٹر افتخار علی خان کی ہدایت پر ڈی ایس پی ایجوکیشن انیلہ ناز اور شازیہ شاہد نے نادرا آفس تہکال اور شاہ قبول اور سوئے کارنو چوک میں بینکوں کے باہر لائن کھڑے شہریوں کو کورونا وائرس سے بچنے سے متعلق آگاہی دی اور انہیں ہدایت کی کہ وہ ہجوم والی جگہوں میں جانے سے گریز کریں اور سماجی فاصلے کا خاص خیال رکھیں کیونکہ اس وائرس کا ایک شخص سے دوسرے شخص کو انتقال ماسک نہ پہننے اور ملنے جلنے سے ہوتا ہے۔ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی ایجوکیشن ٹیم کی جانب سے شہریوں میں احتیاطی تدابیر پر مشتمل پمفلٹس بھی تقسیم کئے گئے۔ ایس پی ٹریفک ہیڈ کوارٹر افتخار علی خان نے ٹریفک لائن باچا خان چوک سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا کہ شہریوں کی جانب سے احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد نہ کرنے سے کورونا وائرس کے کیسز میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے جو افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری اپنی اور دوسروں کی صحت کا خیال رکھتے ہوئے گھروں سے غیر ضروری طور پر نہ نکلیں اور آپس میں میل جول سے گریز کرتے ہوئے اس وبا کو کنٹرول کرنے میں اپنا کردار ادا کریں ایسا نہ ہو کہ یہ بے احتیاطی اور لاپرواہی آپ ہی کے عزیز و اقارب کیلئے جان لیوا ثابت ہو جائے اور اسی طرح بڑی تعداد میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہو جائے۔