پشاورپشاور پولیس نے موٹر کار چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران دو گروہوں کا سراغ لگا کر 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق رضوان شیر گل ولد سید رضوان شیر گل نے تھانہ ٹاؤن پولیس کو رپورٹ کی تھی کہ اس کے گھر کے سامنے سے نامعلوم ملزمان نے اس کی قیمتی موٹر کار چوری کر لی جس پر نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی۔ایس ایس پی آپریشن ظہور بابر آفریدی نے پوش علاقہ ٹاون سے گاڑی چوری کے واردات کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی ٹاؤن مختیار علی اور ایس ایچ او تھانہ ٹاؤن محمد اشفاق پر مشتمل ٹیم تشکیل دے کر ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے کا ٹاسک حوالے کیا جنہوں نے گروہ کا سراغ لگا کر گزشتہ روز سرغنہ سمیت تین ملزمان محمد جنید، رمیض پسران شفیع اللّٰلہ ساکنان ضلع خیبر اور عارف ولد صنوبر سکنہ نوشہرہ کو گرفتار کر لیا جنہوں نے ابتدائی تفتیش کے دوران پشاور سمیت ملک کے دیگر شہروں سے بھی گاڑیاں چوری کرنے اور پھر انجن چیسز نمبرز تبدیل کرنے کے بعد سادہ لوح افراد کو فروخت کرنے کا اعتراف کر لیا جن کے قبضے سے دو مسروقہ گاڑیاں برآمد کر لی گئی ہیں ۔اسی طرح مچنی گیٹ پولیس نے بھی خفیہ اطلاع پر ہونے والی کارروائی کے دوران کنال روڈ پر کسی سنگین واردات کی غرض سے موجود تین ملزمان کامران ولد وارث سکنہ خزانہ، ظہور ولد جمیل سکنہ بہادر کلے اور عبدالصمد ولد عبد الغنی سکنہ بھانہ ماڑی کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضے سے تھانہ رمنہ اسلام آباد کی حدود سے چوری شدہ گاڑی سمیت تین گاڑیاں برآمد کر لیں۔