پشاور سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے نو پارکنگ زون میں گاڑیاں کھڑی کرنے پر گزشتہ مہینے 4 ہزار 469 افراد کا چالان کیا۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ٹریفک *وسیم احمد خلیل* کی ہدایت پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے گزشتہ مہینے شہر بھر میں نو پارکنگ زون میں گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں کھڑی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائیاں عمل میں لائی گئیں جس کے تحت سینکڑوں گاڑیوں کو فورک لفٹر کے ذریعے اٹھا کر ٹرمینل میں بند کردیا جبکہ ہزاروں گاڑیوں کے مالکان کو موقع پر چالان کیا گیا جن سے جرمانوں کی مد میں ہزاروں روپے وصول کر کے قومی خزانے میں جمع کردیئے گئے۔ ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل نے ٹریفک ہیڈ کوارٹر گلبہار سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا ہے کہ مرکزی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے کورونا وبا کے باعث لاک ڈان کے دوران ہجوم والی جگہوں پر جانے سے سختی سے منع کیا گیا ہے تاہم شہریوں کی جانب سے سڑک کنارے نو پارکنگ زونز میں گاڑیاں کھڑی کرکے رش کے مرتکب ہوئے جو انتہائی خطرناک اقدام ہے جس پر سٹی ٹریفک پولیس نے نو پارکنگ زونز میں گاڑیاں کھڑی کرنیوالوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہری نو پارکنگ زونز میں گاڑیاں کھڑی کرنے سے گریز کریں کیونکہ اس اقدام سے ٹریفک جام ہوتا ہے جس سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور لوگوں کا قیمتی وقت ضائع ہونے سمیت اکثر اوقات رش میں ایمبولینسز پھنس جاتی ہیں جس سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری محب وطن اور مہذب شہری بننے کا ثبوت دیتے ہوئے ٹریفک قوانین پر مکمل طور پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور غلط پارکنگ اور نو پارکنگ زونز میں گاڑیاں کھڑی کرنے سے گریز کرکے ٹریفک نظام میں بہتری لانے میں اپنا کردار ادا کریں۔