پشاورسٹی ٹریفک پولیس پشاور نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر گزشتہ ہفتے 399 گاڑیاں ٹرمینل میں بند کر کے مالکان پر جرمانے عائد کئے۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ٹریفک *وسیم احمد خلیل* کی ہدایت پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے مختلف سیکٹروں میں ناکہ بندیاں کی گئیں اس دوران شہریوں کو کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے آگاہی دی اور ان میں احتیاطی تدابیر پر مشتمل پمفلٹس تقسیم کئے گئے اور انہیں ہدایت کی گئی کہ وہ ہاتھ ملانے گلے ملنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور منہ ناک اور آنکھوں کو چھونے سے گریز کرنے سمیت صفائی کا خاص خیال رکھیں تاکہ یہ خطرناک وائرس با آسانی ختم ہو اور مزید قیمتی جانیں اس جان لیوا وائرس کا شکار نہ بنیں۔ ناکہ بندیوں پر سٹی ٹریفک پولیس کے افسران اور اہلکاروں کی جانب سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر 399 گاڑیاں ٹرمینل میں بند کر کے مالکان پر جرمانے عائد کئے گئے۔ ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل نے ٹریفک ہیڈ کوارٹر سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا ہے کہ شہری ٹریفک قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے محب وطن شہری ہونے کا ثبوت دیں اور منظم ٹریفک میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں رش کا باعث بنتی ہیں اور ٹریفک حادثات بھی رونما ہوتے ہیں جس سے قیمتی جانوں کے ضیاع کا خدشہ ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک قوانین کی پاسداری نہ کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں کی جائیگی جبکہ ان کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی کی جائیگی تاکہ یہ لوگ ٹریفک کے نظام میں خلل ڈالنے کے مرتکب ہوتے ہیں اور اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کیلئے خطرے کا باعث بنتے ہیں۔