پشاور،سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے شہریوں میں کورونا وائرس سے بچنے کی خاطر فیس ماسکس تقسیم کرنیکا سلسلہ جاری ہے اس سلسلے میں سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے ہوپ ویلفیئر فانڈیشن کے تعاون سے کینٹ سیکٹر کے مختلف علاقوں میں شہریوں اور ٹریفک وارڈنز میں ماسکس تقسیم کئے۔تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل کی ہدایت پر ایس پی کینٹ اسلم نواز نے کینٹ سیکٹر کے مختلف علاقوں میں ناکہ بندیاں کیں اور شہریوں کو کرونا وائرس سے بچا بارے احتیاطی تدابیر بتائیں اور ان میں بیماری کے روک تھام اور اس سے بچنے کیلئے شہریوں میں ماسکس اور پمفلٹس تقسیم کئے اسی طرح شہریوں کو بیماری کی علامات بارے بھی آگاہی دی اور کہا کہ علامات ظاہر ہونے پر سست روی کے بجائے فوری طور پر قریبی ہسپتال جا کر متعلقہ ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہئے تاکہ یہ انسانی جان کے لئے خطرناک ثابت نہ ہو جائے۔ ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل نے ٹریفک ہیڈ کوارٹر سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا ہے کہ خدمت خلق ہی ہماری اصل ذمہ داری ہے کیونکہ ہم ان ہی عوام کیلئے ڈیوٹیاں انجام دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم افسران نہیں بلکہ عوام کے خادم ہیں اور عوام کو کسی بھی قسم کے مشکلات یا مسائل درپیش ہوں اس کے فوری حل کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں گے۔