صفحۂ اول    ہمارے بارے میں    رپورٹر اکاونٹ    ہمارا رابطہ
جمعہ 29 مارچ 2024 

چین کے وزیراعظم کا کورونا وائرس سے متاثرہ شہر ووہان کا دورہ، ہلاکتوں کی تعداد 80 ہوگئی

ویب ڈیسک | پیر 27 جنوری 2020 

چین کے وزیراعظم لی کی چیانگ نے کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے شہر ووہان کا دورہ کیا جبکہ وائرس کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 80 تک پہنچ گئی ہے۔برطانوی خبرساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق ووہان کے ایگزٹ-اینٹری بیورو سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وائرس پر قابو کو مضبوط کرنے کے لیے 30 جنوری تک چینی شہریوں کے لیے پاسپورٹ اور ویزا سروسز معطل رہیں گی۔

ہیلتھ کمیشن کے عہدیداران نے کہا کہ ووہان سمیت صوبے ہوبے میں کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد رات گئے 56 سے 76 تک پہنچ گئی تھی جبکہ دیگر4 ہلاکتیں چین کے دیگر علاقوں میں ہوئیں۔علاوہ ازیں دنیا کے 10 سے زائد ممالک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے تاہم کہیں بھی اس حوالے سے ہلاکتیں رپورٹ نہیں کی گئی۔

چین میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 30 فیصد کے قریب اضافے کے بعد 2 ہزار 7 سو 44 تک پہنچ گئی جس میں سے نصف کے قریب صوبہ ہوبے میں ہیں۔چینی حکومت نے ایک بیان میں کہا کہ کورونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعد چین کے وزیراعظم لی کی چیانگ ووہان کا دوورہ کرنے والے پہلے سینئر ترین رہنما ہیں، جہاں انہوں نے وبا پر قابو پانے سے متعلق کوششوں کا جائزہ لیا، مریضوں اور طبی عملے سے بات چیت کی۔

گزشتہ روز چینی کابینہ نے کہا تھا کہ وہ وائرس کے پھیلاؤ کو سست کرنے کی کوشش کے تحت نئے قمری سال کی چھٹیوں میں 2 فروری تک 3 روز کی توسیع کردیں گے۔خیال رہے کہ نئے قمری سال کے آغاز پر عموماً لاکھوں چینی شہری سفر کرتے ہیں لیکن اکثر افراد کو وائرس کی وجہ سے عائد سفری پابندیوں کے باعث اپنے ارادے منسوخ کرنے پڑے۔

ووہان اس وقت ورچوئل لاک ڈاؤن کا شکار ہے جبکہ چین کے دیگر شہروں میں بھی نقل و حرکت پر شدید پابندیاں عائد ہیں۔گزشتہ روز ووہان کے میئر نے کہا تھا کہ 50 لاکھ افراد پابندیوں کے باوجود چھٹیوں اور دیگر وجوہات کے باعث شہر سے جاچکے ہیں۔

ہمارے بارے میں جاننے کے لئے نیچے دئیے گئے لنکس پر کلک کیجئے۔

ہمارے بارے میں   |   ضابطہ اخلاق   |   اشتہارات   |   ہم سے رابطہ کیجئے
 
© 2020 All Rights of Publications are Reserved by Aksriyat.
Developed by: myk Production
تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2020 اکثریت۔