خیبرپختونخوا حکومت میں اختلافات کا معاملہ شدت اختیار کر گیا، تین صوبائی وزراءکو فارغ کر دیا گیا ہے ، گورنر خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق سنیئر صوبائی وزیر سیاحت محمد عاطف خان، صوبائی وزیر صحت شہرام ترکئی اور صوبائی وزیر مال شکیل احمد خان کو ڈی نوٹیفائی کر دیا، صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے بھی تصدیق کر دی ہے، یاد رہے کہ گزشتہ کئی دنوں سے وزیر اعلیٰ محمود خان کے خلاف لابنگ شروع کی گئی تھی اس حوالے سے خبریں بھی سوشل میڈیا کو گردش کرتی رہی لیکن اس کی تردید صوبائی وزیر اطلاعات نے گزشتہ روز میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کی، لیکن اب یہ معاملہ شدت اختیار کر گیا اور گورنر خیبرپختونخوا کی جانب سے باقاعدہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے،

اس سلسلے میں گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان سے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی ملاقات بھی ہوئی تھی، ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے وزیر اعظم کو ان تمام معاملات سے مکمل آگاہ کیا تھا، وزیر اعلیٰ نے وزیر اعظم عمران خان کو اعتماد میں لیا تھا کہ مذکورہ لابنگ صوبے کے ترقیاتی کاموں ودیگر اصلاحات کے حوالے سے رکاوٹ بن رہے ہیں جبکہ پارٹی کے ساکھ کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے، وزیر اعلیٰ نے عمران خان کو آگاہ کیا تھا کہ یہ وزراءدیگر اراکین اسمبلی اور وزراءکو اپنے ساتھ ملانے کی کوشش کر رہے ہیں، واضح رہے کہ وزیر اعظم سے ملاقات کے ایک دن بعد گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان نے وزیر اعلی محمود خان کی ہدایت پر آئین پاکستان کے تحت تینوں وزراءکو عہدوں سے فارغ کر دیا ہے، جس کے بعد آج باقاعدہ نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔