پشاورسٹی ٹریفک پولیس پشاور نے بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سوار افراد کے خلاف خصوصی کریک ڈاون شروع کیا ہے، گزشتہ تین ماہ سے جاری کریک ڈاون کے دوران اب تک 11ہزار سے زائد افراد کو چالان کر کے ان سے جرمانہ کی مد میں سے 11 لاکھ 90ہزار سے زائد رقم وصول کر کے قومی خزانہ میں جمع کرائی گئی ہے، موٹر سائیکل سوار افراد بغیر ہیلمٹ کے سفر سے گریز کرکے خطرناک حادثات سے بچ سکتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ٹریفک کی خصوصی ہدایت پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے حادثات سے بچانے کی خاطر بغیر ہیلمٹ کے موٹر سائیکل سوار افراد کے خلاف کریک ڈاون کی ہدایت کی تھی جس کے دوران ایس پی ٹریفک کینٹ اسلم نواز کی سربراہی میں ضلع بھر میں بغیر موٹر سائیکل سوار افراد کے خلاف خصوصی کریک ڈاون کا آغاز کیا گیا جس کے تحت گزشتہ تین ماہ کے دوران سٹی ٹریفک پولیس نے 11 ہزار سے زائد موٹر سائیکل سوار افراد کے چالان کئے ہیں ، جن سے جرمانہ کی مد میں 11 لاکھ 90ہزار روپے سے زائد سرکاری خزانہ میں جمع کرائے گئے ہیں۔واضح رہے کہ ٹریفک پولیس پشاورٹریفک قوانین پر عمل در آمد کرانے اور شہریوں کو ٹریفک قوانین سے آگاہی دلانے کی خاطر گاہے بہ گاہے تربیتی پروگرام کا انعقاد کرتی ہے جس کا مقصد نہ صرف شہریوں کو حادثات سے بچانا بلکہ شہر میں ٹریفک مسائل پر قابو پانا بھی ہے۔