پشاور کیپٹل سٹی پولیس کی جانب سے کرسمس کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے، اس ضمن میں خصوصی سکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے جس کے تحت لیڈیز پولیس، بی ڈی یو، واک تھرو گیٹس اور سنیفر ڈاگز ٹیموں کے ساتھ مجموعی طور پر دو ہزار کے قریب پولیس افسران و جوان سکیورٹی کے فرائض سر انجام دینگے، اقلیتی برادری اور ان کے عبادت گاہوں کی سکیورٹی اولین ترجیحات میں شامل ہے جس کے لئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ملک سعد شہید پولیس لائن میں سی سی پی او محمد علی گنڈا پور نے پاک آرمی حکام اور مسیحی برادری کے نمائندہ کیساتھ ملاقات کے دوران کیا۔ملاقات میںسی سی پی او محمد علی گنڈا پور نے ملک سعد شہید پولیس لائن میں کرسمس کے حوالے سے 102 بریگیڈ کے کمانڈر صاحب جواد کے ساتھ خصوصی ملاقات کی ، اس موقع پر ایس ایس پی آپریشنز ظہور بابر آفریدی، تمام ڈویژنل ایس پیز سمیت مسیحی رہنماء پرویز اقبال، پادری شہزاد، پادری جوذف جان، پادری شکیل اور شوکت چوہدھری وغیرہ بھی موجود تھے، سی سی پی او نے کرسمس کے لئے کئے گئے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے واضح کیا کہ پشاور پولیس تمام اقلیتوں کے تحفظ کے لئے کوشاں ہے، انہوں نے کہا کہ کرسمس کے پرامن انعقاد کی خاطر شہر کی سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے جبکہ شہر میں واقع تمام مسیحی عبادت گاہوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کر دی گئی ہے، انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں خصوصی سکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے جس کے مطابق اے ٹی ایس، آر آر ایف، بی ڈی یو، سنیفر ڈاگز اور لیڈیز پولیس کے ساتھ ساتھ مقامی پولیس کی بھاری نفری تعینات کی جا ئیگی جس میں مجموعی طور پر دو ہزار کے قریب پولیس افسران وجوان سکیورٹی کے فرائض سرانجام دینگے،ایک سوال کے جواب میں سی سی پی او نے کہا کہ کرسمس کے دن خصوصی سروسز کے پیش نظر تمام چرچز کو بی ڈی یو اور سنیفر ڈاگز ٹیموں کے ذریعے سویپنگ کی جائیگی انہوں نے کہا کہ خصوصی عبادات میں شامل مسیحی افراد اور چرچ کی حفاظت کے لئے تین حصار پر مشتمل سکیورٹی لئیر ترتیب دی جائیگی،سی سی پی او محمد علی گنڈاپور نے واضح کیا کہ پشاور پولیس اقلیتی برادری کے تحفظ سے غافل نہیں ہے، انہوں نے واضح کیا کہ سکیورٹی کو مزید جامع بنانے کی خاطر شہر کے تمام داخلی خارجی راستوں پر چیکنگ کا عمل مزید سخت کر دیا گیا ہے جبکہ شہر کے تمام چرچز کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے بھی نگرانی کی جائے گی،اس موقع پر موجود مسیحی راہنماؤں نے کرسمس کے حوالے سے فول پروف انتظامات کرنے پر سی سی پی او محمد علی گنڈا پور کا شکریہ ادا کیا۔