صفحۂ اول    ہمارے بارے میں    رپورٹر اکاونٹ    ہمارا رابطہ
جمعہ 29 مارچ 2024 

کوانٹم اسپیڈ ریڈنگ: 5 منٹ میں ایک لاکھ الفاظ ’حفظ‘ کروانے والا متنازعہ طریقہ

اکثریت ڈیسک | بدھ 23 اکتوبر 2019 

بیجنگ: چین میں ایک تعلیمی ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے ’کوانٹم اسپیڈ ریڈنگ‘ طریقے کے تحت صرف پانچ منٹ تک کتاب کے اوراق کو الٹ پلٹ کر دیکھنے سے طالبعلم ایک لاکھ الفاظ یاد کرلیتا ہے۔

بیجنگ میں واقع زن شی ٹونگ چی گوانگ ایجوکیشن ٹیکنالوجی نے کوانٹم اسپیڈ ریڈنگ نامی تکنیک پر ویڈیو بنائی ہے جس میں بچوں کو تاش کی گڈی کی طرح کتاب کے اوراق پلٹتے ہوئے دیکھا جاسکتا۔ یہ ویڈیو دنیا بھر میں دیکھی گئی ہے اور لوگوں نے اپنے اپنے لحاظ سے اس پر تبصرہ کیا ہے۔

اگرچہ صحافیوں کے سوالات پر تدریسی ادارے نے کوانٹم اسپیڈ ریڈنگ سے انکار کیا لیکن چینی سوشل میڈیا پلیٹ فارم وائبو پر اسی ادارے نے ایک پوسٹر شائع کیا ہے جس میں 10 سے 16 برس کے طالب علموں کو 72 گھنٹے کی تربیت دی گئی۔ دعویٰ کیا گیا کہ اس طریقے سے بچے منٹوں میں ایک لاکھ الفاظ سیکھنے کے قابل ہوجاتے ہیں۔

تعلیمی مرکز کے مطابق جب بچے سیکڑوں صفحات کو الٹ پلٹ کر دیکھتے ہیں تو پڑھنے والے کے ذہن میں ایک تصویری خاکہ بننے لگتا ہے۔ اس طریقہ کار کی مبینہ بانی جاپان کے تدریسی ماہر یومیکو ٹوبیٹانی ہیں جو کوانٹم اسپیڈ ریڈنگ پر ایک کتاب بھی لکھ چکی ہیں۔ ان کی ویڈیو نیچے دیکھی جاسکتی ہے۔

یومیکو کہتی ہیں کہ کتاب کے صفحات پلٹنے سے دماغ میں تصاویر ابھرنے لگتی ہیں جو اس کا متن سمجھنے میں مدد دیتی ہیں۔ خواہ وہ کسی بھی زبان میں لکھی گئی ہوں یہ آپ کی اپنی زبان میں ترجمہ ہونے لگتی ہیں اور کتاب فوری طور پر سمجھنے میں مدد ملتی ہے تاہم ماہرین نے ان کے اس دعوے کو شک کی نظر سے دیکھا ہے۔

چین میں کوانٹم اسپیڈ ریڈنگ کورس پاکستانی 50 لاکھ روپے یا 38 ہزار ڈالر سے شروع ہوتا ہے لیکن دیگر ناقدین کے مطابق اس کا کوئی سائنسی ثبوت موجود نہیں، بچوں کو کتابی صفحات الٹتے دیکھ کر لوگوں نے اس کا مذاق اڑایا ہے۔

اس کے باوجود والدین خطیر رقم خرچ کرکے بچوں کو یہ کورس کروارہے ہیں۔ بیجنگ میں تعلیم کے ایک ماہر ژیونگ بنگ کوئی نے کہا ہے کہ شاید والدین سمجھتے ہیں کہ اس قسم کے غیر سائنسی تدریسی طریقے سے بچے کچھ قابل ہوسکتے ہیں لیکن یہ محض خام خیالی ہے۔

ہمارے بارے میں جاننے کے لئے نیچے دئیے گئے لنکس پر کلک کیجئے۔

ہمارے بارے میں   |   ضابطہ اخلاق   |   اشتہارات   |   ہم سے رابطہ کیجئے
 
© 2020 All Rights of Publications are Reserved by Aksriyat.
Developed by: myk Production
تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2020 اکثریت۔