صفحۂ اول    ہمارے بارے میں    رپورٹر اکاونٹ    ہمارا رابطہ
جمعہ 29 مارچ 2024 

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان آج کھیلا جانے والا میچ بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ

اسپورٹس رپورٹر | جمعہ جون 2019 

برسٹل: انگلینڈ میں جاری آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ مقابلوں میں آج پاکستان اور سری لنکا کا آمنا سامنا ہوگا تاہم میچ سے قبل برسٹل میں ہلکی بارش شروع ہوگئی۔ 

دونوں ٹیموں کے درمیان اہم میچ برسٹل کے کاؤنٹی گراؤنڈ میں پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے شروع ہونا ہے تاہم میچ سے برسٹل میں موسم ابر آلود ہے اور کالی گھٹائیں چھائی ہوئی ہیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مقامی وقت صبح دس بجے سے رات تک تیز بارش ہو سکتی ہے اور دوپہر کے بعد تیز ہواؤں کے سا تھ جھکڑ اور طوفان کی بھی پیش گوئی کی گئی ہے۔

میچ کو فیصلہ کن بنانے کے لیے کم از کم 20 اوورز کا کھیل ہونا ضروری ہے تاہم بارش کی وجہ سے میچ نہ ہونے کی صورت میں دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملے گا۔

یاد رہے کہ ورلڈکپ کی تاریخ میں سری لنکا پاکستان سے ورلڈ کپ کا کوئی میچ نہیں جیتا ہے۔

پوائنٹس اسکورنگ ٹیبل پر سری لنکا اور پاکستان کی ٹیمیں 2،2 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب ساتویں اور آٹھویں پوزیشن پر ہیں، سری لنکا کو پاکستان پر بہتر اوسط کی بدولت برتری حاصل ہے۔

ایونٹ میں اب تک پاکستان ٹیم نے دو میچز کھیلے ہیں، پہلے میچ میں قومی ٹیم کو ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور دوسرے میچ میں تمام توقعات کے برعکس شاہینوں نے ایونٹ کی ہاٹ فیورٹ انگلینڈ کو 14 رنز سے مات دی۔

ایونٹ میں سری لنکا نے بھی دو میچز کھیلے ہیں اور ایک میں کامیابی دوسرے میں ناکامی کا منہ دیکھ چکی ہے، ٹورنامنٹ میں پیش قدمی کیلئے دونوں ٹیموں کیلئے یہ میچ انتہائی اہم ہے۔

پاکستان کے بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور کہتے ہیں کہ کامیابی کے تسلسل کو جاری رکھا جائے گا جبکہ سری لنکن کپتان کرونا رتنے بھی اچھی کارکردگی کے لیے پُر امید ہیں۔

بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کی توجہ مکمل طور پر کھیل پر مرکوز ہے اور اُنہیں ذمے داری کا احساس بھی ہے، توقع ہے کہ کھلاڑی وننگ پرفارمنس دیں گے۔

گرانٹ فلاور نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان اچھا مقابلہ ہوگا، انگلینڈ کا میچ جیتنے کے بعد پریشر کافی کم ہوا ہے، ممکن ہے سری لنکا کیخلاف بغیر کسی تبدیلی کے ہی ٹیم میدان میں اتاریں۔

دوسری جانب سری لنکن ٹیم نے بھی پاکستان کے خلاف میچ کیلئے پریکٹس کی، اُن کے کپتان دمتھ کرونا رتنے کہتے ہیں کہ وہ اچھی کارکردگی کیلئے پر امید ہیں۔

اس میچ کے بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ بھی ہے، جمعرا ت کو بھی بارش کی پیش گوئی تھی، بادل آئے، ذرا سا برسے اور پھر چلے گئے۔

 

ہمارے بارے میں جاننے کے لئے نیچے دئیے گئے لنکس پر کلک کیجئے۔

ہمارے بارے میں   |   ضابطہ اخلاق   |   اشتہارات   |   ہم سے رابطہ کیجئے
 
© 2020 All Rights of Publications are Reserved by Aksriyat.
Developed by: myk Production
تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2020 اکثریت۔