صفحۂ اول    ہمارے بارے میں    رپورٹر اکاونٹ    ہمارا رابطہ
جمعہ 29 مارچ 2024 

ماہرہ خان سمیت دیگرفنکارہانیہ عامر کی حمایت میں بول پڑے

اکثریت ڈیسک | بدھ 15 مئی 2019 

اداکارہ ہانیہ عامرنے اپنی بغیر میک اپ تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرکے معاشرے میں قائم خوبصورتی کے معیارکے خلاف آواز اٹھائی ہے جس پر ماہرہ خان سمیت شوبز کے دیگر فنکار بھی ان کی آواز میں آواز ملانے لگے ہیں۔

اداکارہ ہانیہ عامر نے چند روز قبل انسٹاگرام پراپنی بغیر میک اپ  دوتصاویر شیئر کی تھیں جن میں ان کے چہرے پر کیل مہاسے اوردانے (ایکنی) نمایاں تھے جو کافی بدنما لگ رہے تھے۔ ہانیہ نے یہ تصاویر شیئر کرکے معاشرے میں قائم خوبصورتی کے معیارات پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ میری جلد میری پہچان کیوں ہے، خوبصورتی کے یہ معیار آخرکس نے بنائے ہیں کہ صاف اورشفاف جلد ہی خوبصورتی کی علامت ہے۔ اس کے علاوہ ہانیہ نے یہ بھی بتایا کہ چہرے پرموجود ان کیل مہاسوں اور دانوں کی وجہ سے وہ کس قدر پریشان رہیں، ان کے رات دن روتے ہوئے گزرے اور وہ عدم تحفظ کا شکارہونے لگی تھیں۔

جہاں اداکارہ ہانیہ نے اپنی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرکے اپنے خوف اور عدم تحفظات کو لوگوں کے ساتھ شیئرکیا تھا، وہیں اداکاریاسرحسین نے ان کی پوسٹ کو غیر سنجیدہ لیتے ہوئے انہیں مذاق کا نشانہ بنا ڈالا۔ یاسر حسین کے مذاق اڑانے پر ہانیہ سے رہانہ گیا اور انہوں نے یاسر کو کھری کھری سناتے ہوئےکہا کہ لوگ جس طرح دوسرے لوگوں کے عدم تحفظات کو نشانہ بناکر مذاق اڑاتے ہیں یہ نہایت بدتر اور قابل نفرت ہے۔ یہ مذاق نہیں بے عزتی ہے، میں نہیں ہنسی، کوئی دوسرا بھی نہیں ہنس رہا۔

نامور پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے ہانیہ عامر کی پوسٹ کو شیئر کرتے ہوئے ان کی ہمت کی تعریف کی اورکہا میں بھی نہیں ہنس رہی، کوئی اور ہانیہ عامر نہیں ہوسکتی، مجھے تم پر فخر ہے کہ تم نے اتنی ہمت کا مظاہرہ کیا۔

اداکارہ سائرہ شہروز نے بھی ہانیہ عامر کی پوسٹ پر جواب دیتے ہوئے لکھا خراب جلد، بالوں کا گرنا اوروزن کا بڑھنا، یہ چیزیں ہم پر اثراندازہوتی ہیں، اکثر ہم انہیں سمجھ نہیں پاتے اورخود سے ہی لڑنے لگ جاتے ہیں۔ تاہم آخر میں سب ٹھیک ہوجاتا ہے۔

گلوکارہ و اداکارہ میشا شفیع نے ہانیہ عامر کی تصاویر پر تبصرہ کرتے ہوئے انہیں بہادر اورخوبصوت قراردیا۔

ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی اہلیہ طوبیٰ عامرنے ایک مختصر ویڈیو کلپ اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کیا جس میں وہ کہتی نظر آرہی ہیں کہ جیسی تصویر میں نظر آتی ہے ویسی کسی کی بھی جلد نہیں ہوتی سب کے ساتھ مسائل ہوتے ہیں اورخواتین گھروں میں اپنی جلد کے حوالے سے پریشان ہوتی ہیں۔ طوبیٰ نے ہانیہ کی رائے کو بھی سراہا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اپنی جلد کو اپنی شخصیت کی پہچان بننے نہ دیں۔

ہمارے بارے میں جاننے کے لئے نیچے دئیے گئے لنکس پر کلک کیجئے۔

ہمارے بارے میں   |   ضابطہ اخلاق   |   اشتہارات   |   ہم سے رابطہ کیجئے
 
© 2020 All Rights of Publications are Reserved by Aksriyat.
Developed by: myk Production
تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2020 اکثریت۔