صفحۂ اول    ہمارے بارے میں    رپورٹر اکاونٹ    ہمارا رابطہ
پیر 29 اپریل 2024 

سندھ اسمبلی میں نصرت سحر کے جوتا دکھانے پر ہنگامہ آرائی

اکثریت ڈیسک | ہفتہ 19 مئی 2018 

ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا کی سربراہی میں سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران حکومتی رکن  ممتاز جاکھرانی نے نصرت سحر عباسی کی جانب اشارہ کرکے کہا کہ نصرت سحر اجلاس کے دوران شورشرابا کرتی ہیں اور یہ نہیں بتاتی کہ انہوں نے پی پی سے کتنے فائدے حاصل کئے۔ ان کو شرم حیا نہیں۔ جس پر نصرت سحر عباسی نے غصے میں آکر ایوان میں جوتا دکھایا اور غیر پارلیمانی الفاظ استعمال کئے۔

 

ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے نصرت سحر عباسی کو اسمبلی سے باہر نکل جانے کا حکم دے دیا تاہم وہ اپنی نشست پر براجمان رہیں۔ اپوزیشن ارکان کی جانب سےخاتون ہونے کے ناطے نصرت سحر کی اس حرکت کو نظر انداز کرنے کی درخواست کی تو ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ یہاں پر خاتون کارڈ بہت کھیلا جاچکا ہے، پانچ دن سے یہاں بہت ڈرامے بازی ہورہی ہے، اجلاس میں جوتا دکھانا کوئی طریقہ نہیں۔

 

ایک موقع پر قائد حزب اختلاف خواجہ اظہار الحسن نے ڈپٹی اسپیکر کو نام لے کر پکارا تو شہلا رضا نے انہیں بھی کھری کھری سناڈالی۔ خواجہ اظہار نے کہا خاتون سے متعلق ریمارکس کارروائی سے حذف کیے جائیں، جس پر ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا نے ان کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایوان میں جوتا دکھایا جاتارہا لیکن سب وکیل بن کر کھڑے ہوجاتے ہیں۔ ان کے پاس اب کہنے کو کچھ نہیں رہا اس لیے اب حکومتی ارکان اس کا جواب دیں گے۔

خواجہ اظہار نے کہا کہ اسپیکر صاحبہ آپ خون کو خون سے نہیں دھو سکتیں، اگر بات غلط ہوئی ہے تو اپوزیشن کو بھی مذمت کرنی چاہیے، آپ خواتین کو یہ کہیں گی کہ سب مل کر جواب دیں یہ طریقہ غلط ہے۔ جس پر شہلا رضا نے کہا ان کومسائل ہیں پورا ایوان دیکھتا ہے،اگر یہ جوتا دکھائیں گی تو میں کہوں گی یہ ایوان میں آنے کے قابل نہیں۔ صوبائی وزیر ثقافت سید سردار شاہ نے  کہا اس قسم کے جھگڑوں سے میڈیا میں ہیڈلائن بنتی ہے کہ ایوان مچھلی بازار بن گیا، مجھے ڈر ہے کہ کہیں کل مچھیرے یہاں آکر ہماری توہین نہ کریں۔

ہمارے بارے میں جاننے کے لئے نیچے دئیے گئے لنکس پر کلک کیجئے۔

ہمارے بارے میں   |   ضابطہ اخلاق   |   اشتہارات   |   ہم سے رابطہ کیجئے
 
© 2020 All Rights of Publications are Reserved by Aksriyat.
Developed by: myk Production
تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2020 اکثریت۔