صفحۂ اول    ہمارے بارے میں    رپورٹر اکاونٹ    ہمارا رابطہ
جمعہ 26 اپریل 2024 

ڈیم فنڈ کیلئے 10 ارب روپے جمع کروانے پر وزیراعظم کا عوام کو خراج تحسین

اکثریت ڈیسک | منگل 12 مارچ 2019 

اسلام آباد: ملک میں ڈیم فنڈز کے لیے عوام کی جانب سے 10 ارب روپے کی خطیر رقم جمع کروائے جانے پر وزیراعظم عمران خان نے پاکستانی عوام کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک ٹوئٹ میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 'میں پاکستانی عوام کو خراج تحسین پیش کرنا چاہتا ہوں کہ جنہوں نے ڈیم فنڈ کے لیے 10 ارب روپے جمع کروائے ہیں'۔

انہوں نے اپنے ٹوئٹ کے ساتھ ڈیم فنڈ کے لیے جمع کروائی جانے والی رقم سے متعلق ایک گراف بھی شیئر کیا۔

خیال رہے کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے 7 جون 2018 کو ملک بھر میں پانی کی قلت کا ازخود نوٹس لیا تھا جس کے بعد دیامر بھاشا اور مہمنڈ ڈیم کی تعمیر کے لیے فنڈ قائم کیا گیا تھا۔

سپریم کورٹ کی جانب سے اپنے حکم میں واضح کیا گیا تھا کہ اکاؤنٹ میں موجود فنڈز صرف اور صرف ڈیم کی تعمیر کے لیے اکھٹے کیے جارہے ہیں، جنہیں کسی بھی صورت حال میں کسی بھی وجہ کے پیش نظر کسی اور مقصد کے لیے استعمال نہیں کیا جاسکتا۔

اس حوالے سے کسی بھی ابہام سے بچنے کے لیے سپریم کورٹ کی جانب سے ہدایت کی گئی تھی کہ فنڈ کے ذرائع کی بابت کوئی ادارہ، کوئی انتظامیہ بشمول ٹیکس اتھارٹی، کوئی سوال نہیں کرے گی، تاہم فنڈ کے استعمال کا آڈٹ کیا جائے گا۔

7 ستمبر 2018 کو وزیراعظم عمران خان نے قوم سے اپنے دوسرے خطاب میں پاکستانیوں سے ڈیم بنانے کے لیے اپنا حصہ ڈالنے پر زور دیتے ہوئے بیرون ملک پاکستانیوں سے اپیل کی تھی کہ وہ ڈیم بنانے کے لیے فنڈ میں ڈالرز بھیجیں۔

قوم سے اپنے مختصر خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ میں نے وعدہ کیا تھا کہ ملک کے سارے مسائل آپ کے سامنے لاؤں گا اور ہر چیز سے آپ کو آگاہ کروں گا کہ مسائل کیا ہیں اور ان کا حل کیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ 'اس میں کوئی شک نہیں کہ ہمارے سامنے بڑے چیلنج ہیں، ہم قرض میں ڈوبے ہوئے ہیں، پاکستان کا 10 سال قبل قرض 6 ہزار ارب روپے تھا اور آج ہمیں پتہ چلا کہ 30 ہزار ارب روپے تک قرض پہنچ چکا ہے اسی طرح گردشی قرضوں کا مسئلہ ہے، توانائی کا مسئلہ ہے لیکن میری نظر میں سب سے بڑا مسئلہ پانی کا ہے'۔

انہوں نے کہا تھا کہ 'ڈیم بنانا ملک کے لیے ناگزیر ہوچکا ہے، جب پاکستان آزاد ہوا تو ہر پاکستانی کے حصے میں 5 ہزار 6 سو کیوبک میٹر پانی آتا تھا اور آج ایک ہزار کیوبک میٹر پانی رہ گیا ہے، ہمارے پاس پانی جمع کرنے کی صلاحیت کم ہے'۔

پانی کو ذخیرہ کرنے کے حوالے سے دیگر ممالک کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا تھا کہ 'پاکستان کی پانی محفوظ کرنے کی صلاحیت صرف 30 دن کی ہے، ہندوستان کی 190 دن اور مصر، جہاں بارش نہیں ہوتی، وہاں ایک ہزار دن کی ہے اور دنیا سجمھتی ہے کہ ایک ملک کے ایک پانی جمع کرنے کی اوسط 120 دن ہے لیکن ہمارے پاس 30 دن کی ہے'۔

ہمارے بارے میں جاننے کے لئے نیچے دئیے گئے لنکس پر کلک کیجئے۔

ہمارے بارے میں   |   ضابطہ اخلاق   |   اشتہارات   |   ہم سے رابطہ کیجئے
 
© 2020 All Rights of Publications are Reserved by Aksriyat.
Developed by: myk Production
تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2020 اکثریت۔