ذرا سوچیں کہ آپ برف پر تصویر کھچوا رہے ہوں اور وہ برفانی تودہ اچانک بہنا شروع ہوجائیں جس سے سمندر میں کھونے کا خطرہ بڑھ جائے تو پھر کیا ہوگا؟ ایسا ہی کچھ ایک امریکی خاتون کے ساتھ آئس لینڈ میں ہوا جو ایک آئس برگ پر تصاویر کھچوا رہی تھیں کہ اچانک ایک بڑی لہر کے نتیجے میں وہ تودہ بہنا شروع ہوگیا۔ جوڈتھ اسٹرینگ اور ان کے بیٹے جنوب مشرقی آئس لینڈ میں چھٹیاں منارہے تھے
اور خاتون آئس برگ پر چڑھ کر تصاویر بنوانے لگیں۔ جوڈتھ اسٹرینگ نے بتایا 'تودے کی ساخت ایسی تھی جس پر بیٹھنا آسان تھا اور میرا خیال تھا کہ یہ دلچسپ تجربہ ثابت ہوگا'۔ جوڈتھ کے بیٹے نے ایک اچھی تصویر بھی لے لی تھی جب بڑی لہر آئس برگ سے ٹکرائی اور وہ سمندر میں بہنا شروع ہوگیا۔ خاتون کے مطابق 'جب میں تودے پر بیٹھ گئی اور پوز دینے لگی تو ایک لہر آتی دکھائی دی،
ایک بہت بڑی لہر، جس کے بعد میں پھسلنا شروع ہوگئی'۔ خوش قسمتی سے اس جگہ ایک بوٹ کیپٹن رینڈی لوکانٹ موجود تھے جنہوں نے یہ واقعہ دیکھ کر سمندر میں چھلانگ لگائی اور خاتون کی زندگی کو بچاکر ساحل پر لے آئے۔ یہ کہانی سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہے جس کی وجہ جوڈتھ کی پوتی کیتھرین کی جانب سے ٹوئٹر پر اس واقعے کی تصاویر پوسٹ کرنا ہے۔