ذرا سوچیں کہ آپ کسی جگہ چھٹیاں منانے کے لیے جائیں اور گھر واپس آکر سامان کھولیں تو ایک بہت بڑا سانپ آپ کا استقبال کرکے زندگی کا سب سے بڑا جھٹکا دے؟ اور ایسا ہی کچھ اسکاٹ لینڈ سے تعلق رکنے والی خاتون کے ساتھ ہوا۔ آسٹریلیا سے چھٹیاں مناکر گھر واپس لوٹنے پر اس خاتون کو اس وقت سرپرائز ملا جب سوٹ کیس میں ایک پائیتھون سانپ نکل آیا۔
سی این این کی رپورٹ کے مطابق میری بوکسیل نامی خاتون کے سامان میں یہ سانپ آسٹریلین شہر کوئنز لینڈ سے اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو کے 9 ہزار میل طویل سفر کے دوران گھس آیا تھا۔ جب خاتون نے سانپ کو دریافت کیا تو اس نے مدد کے لیے اسکاٹش ایس پی سی اے سے مدد طلب کی۔ اس ادارے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ہمیں آسٹریلیا سے لوٹنے والی خاتون نے فون کرکے بتایا کہ اس نے اپنے سوٹ کیس میں موجود جوتے کے اندر ایک سانپ کو دریافت کیا ہے،
اس پر ہم وہاں پہنچے اور سانپ کو اس جگہ سے ہٹادیا۔ اب یہ سانپ جانوروں کے ایک ریسکیو سینٹر میں ہے اور ماہرین کے مطابق یہ سانپ زہریلا نہیں ہے۔ یہ واقعہ 2006 کی ایک ہولی وڈ فلم سے ملتا جلتا ہے جس میں ولن زہریلے سانپوں کو ایک طیارے میں چھپا دیتے ہیں تاکہ پرواز کے دوران ایک گواہ کو ہلاک کرسکیں۔ مگر حقیقی زندگی میں بھی یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں، 2012 میں مصر میں ایک پرواز کے دوران اس وقت ایمرجنسی لینڈنگ کرنا پڑی تھی جب ایک سانپ نے مسافر کو ڈس لیا تھا۔