صفحۂ اول    ہمارے بارے میں    رپورٹر اکاونٹ    ہمارا رابطہ
جمعرات 25 اپریل 2024 

وی وی آئی پی وفد کے خلاف سوشل میڈیا مہم بلاک کرنے کی ہدایت

چیف رپورٹر | ہفتہ 16 فروری 2019 

اسلام آباد: وزارت داخلہ نے وی وی آئی پی وفد کی پاکستان آمد کے خلاف سوشل میڈیا مہم چلانے میں ملوث 5 تنظیموں کی نشاندہی کردی۔وزارت کی جانب سے تمام صوبائی چیف سیکریٹریز، انسپکٹرز جنرل پولیس، چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور ڈائریکٹر جنرل فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کو بھیجے گئے مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ان اکاؤنٹس کو ٹریک کریں اور ان تظیموں کو سمجھائیں کہ وفد کے خلاف منفی پروپگینڈے سے باز رہیں۔

ان تنظمیوں کی نشاندہی تعمیرِ وطن، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن طالبات کراچی، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پشاور، تحریکِ حمایتِ مظلومینِ جہانِ پاکستان اور شیعہ وحدت نیوز کے طور پر ہوئی ہے۔یہ مراسلہ جو سوشل میڈیا پر بھی گردش کرتا رہا ہے، اس میں کہا گیا کہ زیادہ تر فزیکل اور ڈیجیٹل سرگرمیاں کراچی سے ہورہی تھیں، ساتھ میں ہی یہ بھی بتایا گیا کہ اب تک 19 فیس بک پیجز اور 20 ٹوئٹر یو آر ایلز کو بلاک کرنے کے لیے کام کا آغاز کردیا گیا۔

مراسلے میں متعلقہ انتظامیہ سے کہا گیا کہ وہ فوری طور پر ان اکاؤنٹس کو بلاک کریں۔اس حوالے سے پی ٹی اے اور ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ کو کہا گیا کہ وہ ان لوگوں کو ٹریک کریں اور اکاؤنٹس بلاک کریں۔

مراسلے میں یہ بھی کہا گیا کہ ’وی وی آئی پی وفد کے پاکستان کے اعلیٰ سطح کے دورے سے متعلق مبینہ طور پر منفی تصور پیش کرنے کے لیے سوشل میڈیا پر ایک مہم چلائی جارہی ہے اور مخصوص مقاصد، مذموم مفادات یا ایجنڈے کے لیے وی وی آئی پی وفد یا پاکستان حکومت کو بدنام کیا جارہا‘۔اس تمام معاملے پر جب وزارت داخلہ کے سینئر حکام سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے اس مراسلے کی تصدیق یا تردید سے انکار کیا۔

ہمارے بارے میں جاننے کے لئے نیچے دئیے گئے لنکس پر کلک کیجئے۔

ہمارے بارے میں   |   ضابطہ اخلاق   |   اشتہارات   |   ہم سے رابطہ کیجئے
 
© 2020 All Rights of Publications are Reserved by Aksriyat.
Developed by: myk Production
تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2020 اکثریت۔