صفحۂ اول    ہمارے بارے میں    رپورٹر اکاونٹ    ہمارا رابطہ
بدھ 17 اپریل 2024 

چیف جسٹس شاہ رخ جتوئی کی جیل میں سہولیات پر برہم، مجرم کو ڈیتھ سیل بھیجنے کا حکم

چیف رپورٹر | ہفتہ 27 اکتوبر 2018 

کراچی: چیف جسٹس پاکستان نے شاہ زیب قتل کیس کے مجرم شاہ رخ جتوئی کی جیل میں سہولیات پر اظہار برہمی کرتے ہوئے مجرم کو ڈیتھ سیل منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے لانڈھی جیل کا دورہ کرکے انتظامات کا جائزہ لیا جب کہ چیف جسٹس نے قیدیوں کے مسائل بھی سنے۔

 

جسٹس ثاقب نثار کی جیل آمد پر جیل انتظامیہ نے چیف جسٹس کے ساتھ موجود میڈیا نمائندگان کو اندر جانے سے روک دیا۔

چیف جسٹس نے جیل میں قید شاہ زیب قتل کیس کے مجرم شاہ رخ جتوئی کے کمرے کا بھی دورہ کیا اور مجرم کو سی کلاس میں میسر آسائشیں دیکھ کر جیل انتظامیہ پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ قتل کیس کےمجرم کو جیل میں اتنی سہولت کس بنا پرفراہم کی جارہی ہے۔

چیف جسٹس نے شاہ رخ جتوئی کو فوری ڈیتھ سیل منتقل کرنے کے احکامات دیئے اور اس حوالے سے آئی جی جیل خانہ جات سے رپورٹ بھی طلب کرلی۔

لانڈھی جیل میں منی لانڈرنگ کیس کے اہم ملزم طحہ رضا، انور مجید اور حسین لوائی بھی قید ہیں۔

واضح رہے کہ 20 سالہ نوجوان شاہ زیب خان کو دسمبر 2012 میں ڈیفنس کے علاقے میں شاہ رخ جتوئی اور اس کے دوستوں نے معمولی جھگڑے کے بعد مبینہ طور پر گولیاں مار کر قتل کر دیا تھا۔

کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے جون 2013 میں اس مقدمہ قتل کے مبینہ مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی اور نواب سراج علی تالپور کو سزائے موت اور دیگر ملزمان بشمول گھریلو ملازم غلام مرتضٰی لاشاری اور سجاد علی تالپور کو عمر قید کی سزا سنائی تھی۔

سندھ ہائیکورٹ نے شاہ رخ جتوئی کی سزائے موت کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر ضمانت پر رہائی کیا تھا تاہم سپریم کورٹ نے سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کرکے مجرم کی دوبارہ گرفتاری کا حکم دیا۔

ہمارے بارے میں جاننے کے لئے نیچے دئیے گئے لنکس پر کلک کیجئے۔

ہمارے بارے میں   |   ضابطہ اخلاق   |   اشتہارات   |   ہم سے رابطہ کیجئے
 
© 2020 All Rights of Publications are Reserved by Aksriyat.
Developed by: myk Production
تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2020 اکثریت۔